انتخابات میں دھاندلی کیخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ، سردار یعقوب ناصر

  • August 6, 2018, 11:09 pm
  • Election 2018
  • 669 Views

کوئٹہ (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر و سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ انتخابات میں پری پلان دھاندلی کر کے ہمارے امیدواروں کی کامیابی کو شکست میں تبدیل کیا ہے جبکہ میرا نتیجہ بھی ٹی وی چینلز پر میری کامیابی کے بارے میں چلنے کے بعد نتائج تبدیل کئے جس کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے اور 18 اگست کو اس کی سماعت ہو گی انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میرے حلقے میں ڈالے جانیوالے ووٹوں کے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکے جدید دور اور سہولیات کی موجودگی میں 72 گھنٹوں بعد نتائج کا اعلان کرنا ملک اور قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ میں ملنے والے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا سردار یعقوب خان ناصر کا کہنا ہے کہ سابق امر پرویز مشرف کے دور حکومت میں ہونیوالے انتخابات میں بھی اس طرح کی دھاندلی نہیں کی گئی تھی کہ جس طرح 25 جولائی2018 کو ہونیوالے انتخابات میں کی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ آج سے کئی سال قبل ہونیوالے انتخابات میں سہولیات کے فقدان اور جدید دور کی سہولیات نہ ہونے کے باوجود 12 بجے کے بعد نتائج کا اعلان کر دیا جا تا تھا لیکن آج چند ایک پولنگ اسٹیشنوں کا رزلٹ کا اعلان کر کے باقی نتائج کو کئی گھنٹوں تک روک کر اس میں فری پلان دھاندلی کی گئی اور اپنے منظور نظر لو گوں اور باپ پارٹی کے امیدواروں کو متعلقہ شعبوں کے ارباب اختیار پولنگ اسٹیشنوں میں آنے جانے کی ا جاز ت دیتے رہے جبکہ ہم نے آر اوز اور دیگر حکام کو ہونیوالی بے ضابطگیوں کے بارے میں آگاہ کیا تاہم اس پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی مجھ سمیت میرے بچوں اور میرے حمایتوں پر دباؤ ڈالنے کی الزامات لگائے گئے ہمیں فارم45 فراہم نہیں کیا گیا اور میرے حلقے میں پانچ اضلاع جس میں ہرنائی ، دکی ، لورالائی ،موسیٰ خیل ، زیارت شامل ہے ان اضلاع کے 390 پولنگ اسٹیشنوں میں دھاندلی کی گئی اور ہماری کامیابی کو شکست میں تبدیل کیا گیا حالانکہ رات گئے ٹی وی چینلز نے میری کامیابی کی خبریں بھی نشر کی تھی انہوں نے بتایا کہ آر او اور متعلقہ حکام ہمیں رزلٹ نہیں دے رہے تھے میں نے اپنی کامیابی کو شکست میں بدلنے کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو26 جولائی کو تمام قانونی تقاضوں اور قواعد وضوابط کے مطابق درخواست جمع کرائی ہے جس کی18 اگست کو سماعت ہو گی انہوں نے کہا ہے کہ فورسز کی موجودگی میں ہمارے مخالف امیدوار نے ٹھپے لگائے ہیں تاکہ ہماری کامیابی کو شکست میں بدلا جا سکے انہوں نے کہا ہے کہ اپنی کامیابی کے لئے شکست میں بدلنے کے خلاف قانونی راستہ اختیار کر تے ہوئے تمام اداروں کے دروازے کھٹکھٹائیں گے تاکہ انصاف حاصل کر سکے اور حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکے انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہمارے حلقے کے پولنگ اسٹیشنوں کے تمام بیلٹ پیپرز پر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جا سکے۔