سابق ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا سمیت 11ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر

  • August 6, 2018, 11:09 pm
  • National News
  • 129 Views

کوئٹہ (این این آئی)نیب بلوچستان نے سابق ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا سمیت 11ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔ کراچی,راولپنڈی اور کوئٹہ میں مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا گیا، سابق ایم ڈی واسا نے 35 کروڑ 40 لاکھ کے غیر قانونی اثاثے بنائے، کیس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ملزم کے بیینامی داروں اور سہولت کاروں کا کھوج لگایا جارہا ہے، مزید انکشافات اور گرفتاریاں بھی متوقع نیب بلوچستان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق مینیجنگ ڈائر یکٹر واسا حامد لطیف رانا سمیت 11 ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا ہے۔ نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزم کے خلاف تحقیقات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بینک اکاوئنٹس اور کراچی راولپنڈی اور کوئٹہ میں مزید جائیدادوں کا سراغ بھی لگا لیا ہے۔ ملزم کے بیا نامی داروں کا کھوج لگاتے ہوئے کیس کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے ، مزید انکشافات اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق سابق ایم ڈی واسا نے اپنے عزیز اقرباء اور دوستوں کی معاونت سے دورانِ ملازمت بڑے پیمانے پر کرپشن کرتے ہوئے 35 کروڑ 40 لاکھ کے غیر قانونی اثاثے بنائے۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے سابق ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا کو اگست 2017 میں گرفتار کر کے جیل بھیجوا دیاتھا ،ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے عبوری ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کروا دیا گیاتھا تاہم غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں کچھ مزید شواہد اور معلومات کی روشنی میں مزید اثاثوں کی بھی تحقیقات جاری رکھی گئی۔ اس ضمن میں آج مزید غیر قانونی اثاثوں کے دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ضمنی ریفرینس احتساب عدالت میں جمع کروادیا گیا ہے۔تاہم نیب کی تحقیقات جاری ہیں اورکیس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ملزم کے بی نامی داروں اور سہولت کاروں کا کھوج لگایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔