انتخابات میں جیت کا دعویٰ کرنے والوں کوبلوچستان میں ہونے والی قتل وغارت گری پر خاموش رہنے پر انعام سے نواز گیا،نوابزادہ لشکری رئیسانی

  • August 5, 2018, 11:01 pm
  • National News
  • 137 Views

کوئٹہ+اسلام آباد ( پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں جیت کا دعویٰ کرنے والوں کوبلوچستان میں ہونے والی قتل وغارت گری پر خاموش رہنے پر انعام سے نواز گیاہے ۔اپنی آئندہ نسلوں کی خوشحالی، سکون صوبے میں مذہبی منافرت کے خاتمہ ، روایتی بھائی چارگی کے فروغ ، قیام امن اور وسائل پر اختیار کیلئے اپنے سیاسی عمل کو آگے لے جائیں گے ۔ بدترین حالات میں حق کاساتھ دینے والوں کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہزارہ سیاسی کارکنان کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر طاہر خان ہزارہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ لشکری خان رئیسانی کا مزید کہنا تھاکہ جلسہ میں ہزارہ سیاسی کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت سیاسی کارکنوں کیلئے پیغام ہے کہ مایوسی سیاسی کارکنوں کیلئے کفر ہے ۔ حالات چاہے جیسے بھی ہوں سیاسی کارکنوں کو اپنی جدوجہد جاری رکھنا ہوگی ۔ ان کا کہنا تھاکہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے نتیجہ میں جیت کا دعویٰ کرنے والوں کو جتایا گیا یہ جیت عوامی حمایت سے ان کو حاصل نہیں ہوئی بلکہ ان کو صوبے کے طول وعرض میں ہونے والی قتل وغار ت گری پر خاموش ہونے کے بدلے انعام سے نوازا گیا ہے ۔جنہوں نے ہمیشہ حق کا ساتھ دیتے ہوئے ظلم جبرکیخلاف آواز بلند کی ہے ان کو سزا کے طور پر انتخابات میں ہرایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ بحیثیت سیاسی کارکن میں سمجھتا ہوں کہ جو لوگ جیت کا دعویٰ کررہے ہیں انہیں انتظامی طور پر جیتایاگیا ہے اخلاقی طور پر وہ ہار ے ہوئے ہیں ان کا کہنا تھاکہ تمام سیاسی کارکنوں سمیت ہزارہ برادری کے غیورعوام کا مشکور ہوں جنہوں نے حق کا ساتھ دیتے ہوئے بدترین حالات میں سیاسی عمل کا حصہ بنتے ہوئے خودکش حملوں اورتمام تر سازشوں کے باجود انتخابی مہم چلائی ان کا کہنا تھاکہ سیاسی کارکن ہونے کے ناطے ہمارا عزم ہے جہد مسلسل کے نتیجہ میں ایک نہ ایک دن فتح ہماری ہوگی ۔دریں اثناء گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی سمیت دیگر شہداء کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا دعائیہ تقریب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ ، سینئر صحافی حامدمیر، بلال ڈار ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے عہدیداروں سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد سے آئے صحافیوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔ صحافیوں نے نوابزادہ لشکری خان رئیسانی سے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔ دعائیہ تقریب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل، سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، سید عیسیٰ نوری شریک تھے ۔ دعائیہ تقریب سے سینئر صحافیوں نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔