وفاقی حکومت، تحریک انصاف نے بی این پی سے مدد مانگ لی،اختر منگل کا بنی گالہ جا کر عمران خان سے ملاقات سے انکار

  • August 2, 2018, 11:18 pm
  • National News
  • 585 Views

کوئٹہ/اسلام آباد(خبر رساں ادارے ) تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت سازی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل)سے مددمانگ لی جبکہ اختر مینگل نے بنی گالہ جا کر عمران خان سے ملاقات سے انکار کر دیا ۔جمعرات کو اسلام آباد میں نعیم الحق اور یار محمد رند کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں انہیں عمران خان سے ملاقات کی دعوت دی گئی تاہم اختر مینگل نے یہ دعوت مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرا وہاں جانے کا کوئی کام نہیں جس کو مجھ سے ملنا ہے بلوچستان ہاؤس آ جائے۔پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اخترمینگل نے کہا کہ اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر تحریک انصاف کے وفد کا مشکور ہوں، پی ٹی آئی سے مثبت جواب ملا ہے۔اختر مینگل نے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد کو 6 نکاتی مطالبات دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے 6 نکاتی مطالبات وہی ہیں جو گزشتہ حکومتوں سے تھے۔ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے دیرینہ مسائل رکھے اور جب تک کور ایشوز حل نہیں کیے جاتے بلوچستان کی ترقی ناممکن ہے، 6 اہم معاملات پر آج تک کسی حکومت نے توجہ نہیں دی تاہم ہمیں اگر مثبت جواب ملا تو اگلی ملاقات کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے، لاپتا افراد کی بازیابی اور سی پیک پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا ہے لہذا ہمیں مثبت جواب ملا تو ساتھ دینے کو تیار ہیں۔اختر مینگل کا کہنا تھاکہ ہم اس ملک کے حکمرانوں کے جلے ہوئے ہیں اس لیے احتیاط کریں گے، ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، لاپتا افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔بلوچستان کی وزارت اعلی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں کہ کسی کو وزیراعلی نامزد کردیا جائے اور ہم آنکھیں بند کرکے حمایت کریں، جے یو آئی اتحادی ہے، حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ مل کر کرینگے۔انھوں نے کہا کہ اے پی سی کیلئے دعوت نہیں دی گئی، اے پی سی میں مدعو کیا گیا تو ہم جا کر اپنے مسائل انکے سامنے رکھیں گے۔سربراہ بی این پی نے مزید کہا کہ ہم اپنے اصولوں پر قائم ہیں اور ہماری پارٹی کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں، ہم اپوزیشن میں اگر بیٹھے تو مشترکہ طور پر بیٹھیں گے، ہمارے مطالبات کو جو بھی تسلیم کرتا ہے ہم اسکا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے لیڈر ہوں گے جو بلوچستان کے مسائل حل کرینگے۔ نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم ذمہ داری ہوگی کہ بلوچستان کے مسائل کا حل نکالیں جب کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ اختر مینگل اور عمران خان کی ملاقات ہو جائے۔یار محمد رند نے کہاکہ اختر مینگل کے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھیں گے، یقین ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد اختر مینگل کی جماعت اور ہم ساتھ چلیں گے۔