نواز شریف کے اصرار پر اسپتال سے جیل منتقل کردیا گیا

  • August 1, 2018, 10:47 am
  • National News
  • 195 Views

اسلام آباد،راولپنڈی(نمائندہ جنگ)طبیعت ناساز ہونے پر پمز اسپتال منتقل کئے گئے سابق وزیراعظم نوازشریف کو واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیاگیا، ڈاکٹروں کی رائے تھی کہ انہیں مزید تین دن یہاں رکناچاہیے تاکہ ان کے علاج کا تسلسل قائم ہوسکے۔ ڈاکٹرزکے مطابق نواز شریف کی طبیعت 29 جولائی سے بہتر ہے مگر اسے تسلی بخش نہیں قرار دیا جاسکتا۔ نواز شریف کے علاج کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو تبدیل کرکے پروفیسر آف میڈیسن شجیع صدیقی کوبورڈ کا نیا سربراہ مقرر کردیاگیا ہے۔ پروفیسر شجیع صدیقی کو ڈاکٹراعجازقدیر کی جگہ بورڈ سربراہ مقرر کیاگیا، ڈاکٹراعجاز قدیر کو طبیعت ناسازی پر بورڈ سے الگ کیاگیا۔ منگل کو میڈیکل بورڈ کے ارکان ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹر سبیل تنویر اور ڈاکٹر مشہود نے نوازشریف کےاصرار پر انہیں جیل منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔ ذرائع کے مطابق منگل کو مریم نواز کے علاوہ صدر مملکت ممنون حسین نے بھی نواز شریف کی عیادت کےلئے آنے کی خواہش ظاہر کی تھی اور روٹ لگنے کےباوجود صدر مملکت کو گرین سگنل نہ مل سکا۔ بیٹی کو ملاقات کی اجازت

نہ ملنے پر نواز شریف نے جیل واپس جانے کوترجیح دی۔خصوصی میڈیکل بورڈ نے منگل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے نوازشریف کا دوبارہ معائنہ کیا ۔ شوگر ،بلڈ پریشر اور ای سی جی کی گئی ۔ ’’جنگ‘‘ کو دستیاب مذکورہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب نواز شریف کے سینے اور بازو میں درد نہیں ہے اْنکا اوپر والا بی پی 130اور نیچے والا 80ہے ، سینہ کلیئر ہے ، رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ نواز شریف مسلسل اصرار کر رہے ہیں کہ اْنہیں واپس جیل بھیجا جائے ، نواز شریف کے سینے اور بائیں ٹانگ میں سرجری کے نشانات ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی طبیعت 29 جولائی سے بہتر ہے مگر اسے تسلی بخش نہیں قرار دیا جاسکتا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق طبی معائنہ کے بعد میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹروں کی رائے تھی کہ نوازشریف کو ابھی مزید تین روز ہسپتال میں رکھنا چاہیے کیونکہ ابھی پلیٹس کم اور یورک ایسڈ زیادہ ہےجبکہ سوزش بھی ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی مگر نوازشریف نےاڈیالہ جیل واپس بھیجنے پر اصرار کیا اورکہاکہ وہ پمز میں نہیں رہنا چاہتے جس پر انہیںکسی دوسرے اسپتال منتقل کرنے کی بھی پیشکش کی گئی مگر ان کا موقف تھا کہ میڈیکل بورڈ اڈیالہ جیل میں ہی ان کا علاج جاری رکھے جس پر میڈیکل بورڈ نے متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کردیا اور گرین سگنل ملنے پر جیل منتقل کرنے کی اجازت دےدی۔


https://jang.com.pk/news/528618