بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی سے رابطے میں ہیں، جے یوآئی

  • July 31, 2018, 11:16 pm
  • National News
  • 367 Views

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور نومنتخب رکن اسمبلی ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہماری ترجیح وزارتوں کا حصول نہیں بلکہ صوبہ کے حالات کو مدنظر رکھ کر ان قوتوں کا ساتھ دینا ہے جو مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے کوششیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک جمہوری سیاسی اصولی پارٹی ہے ہم نے دیگر دینی جماعتوں کے ملکر متحدہ مجلس عمل بنائی ہے انہوں نے کہا کہ جہاں تک بلوچستان میں حکومت سازی کا مسئلہ ہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ آج ہماری میٹنگ ہوئی ہے جس میں صوبہ کی سیاسی ‘ معاشی صورتحال پر غورکیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام جماعتوں کے بات چیت کریں گے اب تک ہمارے پاس تمام اپشن کھلے ہیں بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی رابطہ کیا ہے کوئٹہ میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان سے بات نہیں ہوئی البتہ بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت سے بھی حکومت سازی کے حوالے سے بھی بات کریں گے انہوں نے کہا کہ وزارت یا اقتدار ہمارے لئے اہم نہیں بی این پی متحدہ مجلس عمل نے یہ تہیہ کررکھا ہے کہ کسی ایسے عمل یا حکومت سازی میں شریک نہیں ہونگے جس سے اجتماعی یا عام آدمی کے مسائل حل نہ ہوں ہم صوبہ میں ایک جمہوری اور خودمختار حکومت کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔