عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوگی ، وزیراعلیٰ مری

  • July 31, 2018, 11:12 pm
  • National News
  • 72 Views

کوئٹہ(خؒ ن )نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے جس کو یقینی بنانے کے لئے تمام ذمہ داراوں کو اپنی ذمہ داری ایمانداری اور احسن طریقے سے ادا کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ضلع چاغی ڈسٹرکٹ ہسپتال کے لئے جدید آلات سے لیس ایمبولینس کی چابی نومنتخب رکن اسمبلی میر عارف جان محمد حسنی کے حوالے کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع صوبہ ہے جبکہ حکومت کے پاس وسائل محدود ہیں جن کو انتہائی ایمانداری اور دیانت داری سے استعمال میں لا کر ہی صوبے کے مختلف شعبوں کو درپیش مشکلات کو کم کیا جاسکتاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بعض اضلاع میں ہسپتال کے عمارتیں موجود ہیں لیکن ہسپتالوں میں ضروری آلات اور ڈاکٹر نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگ مجبور ہیں کہ شہروں کا رخ کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ایماندار اور محنتی لوگوں کی کمی نہیں جو ڈاکٹر جن اضلاع سے سیٹ لے کر ڈاکٹر بنتے ہیں انہیں ایک جذبے کے ساتھ اپنے متعلقہ اضلاع میں اپنی خدمات پیش کرنی چاہئیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ نگران دور حکومت کی مدت مختصر ہوتی ہے اور انتخابات کے انعقاد کے لئے زیادہ وقت دینا پڑتا ہے تاہم ہماری کوشش رہی ہے کہ صوبے کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کو مشاورت سے مزید بہتر بنایا جائے جس میں نگران حکومت میں شامل تمام وزراء نے محنت کی اور اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محدود وقت اور وسائل کے باوجود کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کے ہسپتالوں کے دورے کئے اور ہسپتالوں میں ضروری بنیادی سہولیات اور آلات کی فراہمی کی ہرممکن کوشش کی۔ وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی حکومت صوبے کی تعمیروترقی میں اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لائے گی اور خصوصی طور پر صحت کے شعبے کو مزید بہتر بنائے گی۔ ا س موقع پر عارف جان محمد حسنی نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔